بھٹکل 6،؍نومبر(ایس او نیوز) مرڈیشور ساحلی کنارے پر سیاحوں کی آمد کے پیش نظر سر اٹھانے والی سینکڑوں چھوٹی موٹی غیر قانونی دکانوں کو ڈپٹی کمشنر کے احکامات کی تعمیل میں تعلقہ انتظامیہ نے ہٹادیا ہے۔
سنیچر کے دن صبح کے وقت جے سی بی مشینوں اور فائر بریگیڈ عملے ساتھ تعلقہ انتظامیہ کے افسران نے ساحلی کنارے پر موجود ان باکڑوں کو ہٹانے کی کارروائی انجام دی ہے۔اس کارروائی پر بے اطمینانی کے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کچھ دکانداروں نے کہا کہ پچھلے کئی برسوں سے ہم یہاں چھوٹا موٹا کاروبار کرکے اپنے خاندانوں کی روزی روٹی کا سہارا کررہے ہیں۔ ہم خود دکانداروں سے رقم جمع کرکے ساحل کو صاف ستھرارکھنے کی ذمہ داری بھی انجام دے رہے ہیں۔گزشتہ دو سال قبل ہمیں کاروبار کے لئے دوسرا مناسب انتظام کرنے کا وعدہ کرکے ہماری دکانیں یہاں سے ہٹائی گئی تھیں۔ مگر آج تک اس وعدے کو پورا نہیں کیا گیا۔
دکان داروں نے اس کارروائی پراپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں سی آر زیڈ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں مگر سرکاری افسران اس کے خلاف کارروائیاں نہیں کرتے ۔ اصل میں غریبوں اور مالداروں کے لئے انصاف کے دو الگ الگ پیمانے ہیں۔اس موقع پر دکانداروں کی انجمن کے صدروینکٹر منا نائک اور دیگر کچھ ذمہ داران نے سرکاری افسران کے اس رویے کی کڑی مذمت کی۔ اس کے بعد دکانداروں کی طرف سے تحصیلدار کو میمورنڈم بھی دیا گیا۔مگر دکانداروں کی مخالفت کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے افسران نے دکانداروں کو اپنے طور پر اس جگہ سے دکانیں ہٹانے کے لئے دوپہر تک کا وقت دیا۔ جب کسی قسم کی راحت ملنے کی توقع نہیں رہی تو کچھ دکانداروں نے خود ہی اپنی دکانیں وہاں سے ہٹادیں۔پھر شام کو پولیس کے تحفظ میں دکانیں ہٹانے کا کارروائی تعلقہ انتظامیہ کے افسران نے انجام دی۔دکانوں کے ساتھ ساتھ کشتیاں رکھنے کے لئے بنائے گئے دو شیڈس بھی ہٹادئے گئے۔